الیکشن کمیشن بلوچستان سے سینیٹ انتخاب لڑنے کیلئے ن لیگ کے امیدوار کو اجازت دیدی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ(ن) کے امیدوار سیدال خان ناصر کو سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان سے مسلم لیگ(ن) کے سینیٹ کی جنرل نشست پر امیدوار سیدال خان ناصر کے کاغذات نامزدگی تائید کنندہ کی عدم موجودگی کی بناءپر الیکشن کمیشن نے مسترد کردئےے تھے جس پر سیدال خان ناصر نے الیکشن ٹربیونل میں کیس دائرکیا تھا جہاں الیکشن ٹربیونل نے گزشتہ روز سماعت کے بعد فیصلہ دیا تھاکہ سیدال خان ناصر اپنے تائید کنندہ کو 25مارچ یا اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پیش کریں گے ۔الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے بعد ہفتہ کو سیدال خان ناصر کے تجویز کنندہ راحیلہ حمید خان درانی اور تائید کنندہ نواب جنگیز مری الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پیش ہوئے اور کاغذات کی تصدیق کی جس پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جنرل نشست پر مسلم لیگ(ن) کے امیدوار سیدال خان ناصر کو سینیٹ انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ۔ سیدال خان ناصر کی جانب سے کیس کی پیروی محمد عمر ڈوگر ایڈوکیٹ نے کی ۔