عماد وسیم نے سینٹرل کنٹریکٹ میں عدم دلچسپی ظاہر کردی
کراچی(قدرت روزنامہ)عماد وسیم نے سینٹرل کنٹریکٹ میں عدم دلچسپی ظاہر کردی، ان کے مطابق وہ صرف قومی ٹیم کیلیے عمدہ کھیل پیش کرنا چاہتے ہیں۔
عماد وسیم نے گزشتہ روز ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کر دیا اور وہ نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز سے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کریں گے، ان کی گذشتہ روز پی سی بی کے سی او او سلمان نصیر اور چیف سلیکٹر وہاب ریاض سے ملاقات ہوئی۔
ذرائع کے مطابق عماد نے واضح کر دیا کہ وہ صرف اس صورت میں اپنا فیصلہ تبدیل کریں گے جب انھیں کم از کم ورلڈکپ تک کھلانے کی یقین دہانی کرائی جائے گی، اس پر وہاب نے انھیں کہا کہ ایسا ہی ہوگا، عماد نے لیگز این او سی میں مشکلات سے بچنے کیلیے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا تھا، انھوں نے سلمان نصیر سے کہا کہ مختلف معاہدے مکمل کرنے ہوں گے لہذا بورڈ سے درخواست ہے کہ وہ این او سی نہ روکے، البتہ جب کبھی قومی ٹیم کو ضرورت ہوئی تو وہ ضرور دستیاب ہوں گے۔
عماد نے سینٹرل کنٹریکٹ میں عدم دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کیلیے پاکستان کا مفاد اہم ہے، وہ ٹیم کو ورلڈکپ جتوانا چاہتے ہیں، کنٹریکٹ کے بغیر بھی کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، بورڈ حکام نے ان کی باتیں مان لی ہیں، البتہ کنٹریکٹ کا فیصلہ چیئرمین محسن نقوی سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا، واضح رہے کہ معاہدے کے بغیر کرکٹر کو نچلی کیٹیگری کے تحت ادائیگی ہوتی ہے۔
دوسری جانب عماد وسیم کو واپسی پر قائل کرنے میں کپتان شاہین شاہ آفریدی کا اہم کردار ہے، انھوں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دوران آل راؤنڈر سے کہا کہ قومی ٹیم کو ان کی ضرورت ہے لہذا سابقہ فیصلہ تبدیل کریں،حالیہ چند روز میں بھی شاہین نے 6 سے 7 بار عماد کو فون کیا، ان کی باتوں نے انھیں انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی ترغیب دی۔