ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کو رواں سال عام انتخابات کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی) کا ٹکٹ مل گیا . بی جے پی نے اتوار کو ملکی ایوان زیریں (لوک سبھا) کے انتخابات کے لیے 111 امیدواروں کی اپنی پانچویں فہرست جاری کی جس میں بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کا نام بھی شامل تھا .
بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا رناوت ہماچل پردیش کے شہر مندی سے بی جے پی کے ٹکٹ پر لوک سبھا کا الیکشن لڑیں گی .
بی جے پی کی جانب سے ٹکٹ ملنے پر کنگنا رناوت نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے پارٹی کا شکریہ ادا کیا اور اسے ایک اعزاز قرار دیا . واضح رہے کہ بھارت کا الیکشن کمیشن ملکی ایوان زیریں (لوک سبھا) کے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرچکا ہے .
بھارتی الیکشن کمیشن کے مطابق لوک سبھا کی 543 نشستوں کیلئے عام انتخابات کا آغاز 19 اپریل سے ہوگا . بھارتی ریاستوں میں سات مرحلوں میں ووٹنگ ہوگی جس کا اختتام یکم جون کو ہوگا .
پہلے مرحلے میں 19 اپریل کو 21 ریاستوں، دوسرے مرحلے میں 26 اپریل کو 12 ریاستوں، تیسرے مرحلے میں 7 مئی کو 12 ریاستوں، چوتھے مرحلے میں 13 مئی کو 10 ریاستوں، پانچویں مرحلے میں 20 مئی کو 8 ریاستوں، چھٹے مرحلے میں 25 مئی کو 7 ریاستوں اور ساتویں مرحلے میں یکم جون کو 8 ریاستوں میں ووٹنگ ہوگی .
عام انتخابات میں 97 کروڑ بھارتی شہری ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں، ووٹوں کی گنتی 4 جون کو شروع ہوگی . دوسری جانب بھارتی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کا مقابلہ 12 جماعتوں کے اپوزیشن اتحاد انڈیا سے ہوگا . پری پول سروے کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کے تیسری مدت کیلئے وزیراعظم بننے کے قوی امکانات ہیں .