ٹرالروں کو گڈانی سے جیونی تک کھلی چھوٹ ، مقامی ماہی گیر نوالے کے محتاج ہیں ، سیکرٹری این پی


پسنی(قدرت روزنامہ)نیشنل پارٹی کے صوبائی ماہی گیر سیکرٹری آدم قادربخش نے اپنے بیان میں کہا کہ مکران کے زرخیز ساحل کو محکمہ فشریز نے ٹرالر مافیا کو فروخت کر دیا ہے، فشریز کی سرپرستی میں مقامی ماہی گیروں کی استحصال کا سلسلہ جاری ہے، گڈانی سے لیکر جیونی کے ساحل کو گجہ ٹرالر بیدردی سے نوچ رہے ہیں ،بیان میں کہا کہ محکمہ فشریز نے گجہ ٹرالروں کو گڈانی سے جیونی تک کھلی چھوٹ دے رکھی ہے جو افسران کی مٹھی گرم کرکے غریب ماہی گیروں کا استحصال کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ مقامی ماہی گیر اب نوالے کے محتاج ہیں اور انکے گھروں میں فاقے ہیں ،گجہ جالوں کے بےدریغ استعمال سے بلوچستان کے زرخیز سمندر میں مچھلیوں کی نسلیں ناپید ہو رہی ہیں اور سمندری حیات معدومیت کا شکار ہے انہوں نے کہا کہ ماہی گیر روزانہ کی بنیاد پر ان ٹرالروں کی ویڈیوز بنا کر وائرل کرتے ہیں لیکن محکمہ فشریز کی پٹرولنگ ٹیم نے اپنے آنکھوں میں دھندکے چشمے پہن رکھے ہیں جو انکے آنکھوں میں اوجھل ہے جبکہ اب فشریز کی پٹرولنگ ٹیم عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے سمندر میں جا کر ویڈیو بنا کر سمندر ٹرالروں سے پاک ہے کا دعویٰ کرتا نظر آتا ہے لیکن انھیں یہ پتہ نہیں کہ ان کے کرتوت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ایک طرف چوروں کی پشت پناہی اور دوسری طرف متاثرہ سے ہمدردی حاصل کرتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ اس متعلق بہت جلد مرکزی قیادت سے ملاقات کروں گا اور ٹرالروں کی روک تھام کیلئے لائحہ عمل طے کریں گے۔