پاکستانی برآمدات میں امریکا، چین اور برطانیہ سرفہرست


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) امریکا، چین اور برطانیہ جاری مالی سال کے دوران برآمدات کے حوالے سے سرفہرست ممالک رہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں امریکا کو پاکستانی برآمدات کا حجم 3 اعشاریہ 626 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی مدت کے مقابلے میں 10.38 فیصد فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں امریکا کو 4.04 ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھی۔
مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں چین کو ایک اعشاریہ 89 ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 42 فیصد زیادہ ہے۔برطانیہ کو ایک اعشاریہ 35 ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی کی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں معمولی زیادہ ہیں ۔
دوسری جانب ملک میں ٹرکوں کی فروخت میں فروری کے دوران ماہانہ بنیادوں پر اضافہ ہوا جبکہ بسوں کی فروخت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
آل پاکستان آٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق فروری میں ملک میں ٹرکوں کے 290 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو جنوری کے مقابلے میں 65 فیصد زیادہ ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق فروری 2024 کے دوران ملک میں بسوں کے 63 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو جنوری کے مقابلے میں 5فیصد کم ہے۔