متحدہ عرب امارات ، عمرہ اور حج پر جانے والوں کیلئے انفلواینزا ویکسین لازمی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے عمرہ اور حج پر جانے والوں کیلئے انفلواینزا ویکسین لازمی قرار دے دی ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت اور کمیونٹی پروٹیکشن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ملک سے عمرہ پر جانے والے تمام افراد کو ویکسی نیشن کی تمام مطلوبہ بنیادی خوراکیں لینا لازمی ہے جن میں خاص طور پر انفلواینزا ویکسین شامل ہے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 26 مارچ سے عمرہ پر جانے والے تمام افراد کیلئے انفلواینزا ویکسینیشن کارڈ پیش کرنا ضروری ہو گا، عمرہ پرجانے کے خواہشمند افراد کو چاہیے کہ وہ سفر سے 10 روز قبل ویکسین لگوا لیں تاکہ فلو وائرس سے بچا جا سکے۔
محکمہ صحت عامہ اوراحتیاطی امور کی ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیٰ المرزوقی نے کہا کہ حفاظتی ویکسین لگانے والے مختلف قسم کے امراض سے محفوظ ہوجاتے ہیں، عمرہ اور حج پر جانے والے خاص طور پر معمر، حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین ویکسین ضرور لگوائیں۔
ڈاکٹر المزروقی نے عمرہ اور حج کے مسافروں سے یہ بھی کہا کہ وہ مناسک کی ادائیگی کے دوران صحت کے مسائل سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور سفر کے دوران گرمی، تھکن اور جسمانی دباؤ سے بچیں اور صحت مند غذا کو یقینی بنائیں۔