گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کرنے کا وقت گزر گیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ اب گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کرنے کا وقت گزر گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ٹرشری کیئر اسپتالوں کے سربراہان کا اجلاس ہوا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں صحت کے شعبے پر 80 ارب روپے سے زائد خرچ کیے جاتے ہیں لیکن طبی سروس کا معیار اطمینان بخش نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کرنے کا وقت گزر گیا۔ اب ڈیوٹی کریں یا نوکری چھوڑ کر مستقل گھر بیٹھ جائیں کیونکہ اب مفت کی تنخواہ نہیں ملے گی۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ ڈاکٹر معاشرے کا مسیحا اور ہمارے لیے قابل احترام ہیں۔ ہم صرف اتنا کہتے ہیں کہ سب اپنی اپنی ڈیوٹی کریں کیونکہ گھر بیٹھے تنخواہیں نہیں دے سکتے۔ صحت اور تعلیم کی معیاری سہولیات غریب افراد کی دسترس میں لانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسپتالوں کو آؤٹ سورس کر کے طبی سہولیات کو بہتر بنایا جاسکتا ہے جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلا کر سول سنڈیمن اور بولان میڈیکل کمپلیکس کی سروسز بہتر بنائی جاسکتی ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ ہیلپر اسپتال کو خود مختار ادارہ بنانے کے لیے ایک ماہ میں پلان آف ایکشن پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ سول سنڈیمن پروانشنل اسپتال میں مئی تک ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین مشینیں نصب کر دی جائیں۔