عامر خان پہلی بار ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ میں شرکت کریں گے


ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان بھی نامور کامیڈین کپل شرما کے شو کی زینت بن گئے۔عامر خان اپنی کسی بھی فلم کی تشہیر کیلئے کبھی کپل شرما کے شو میں شریک نہ ہوئے لیکن اب انہوں نے نیٹ فلکس کی نئی سیریز ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ کیلئے ایک قسط کی ریکارڈنگ کرادی ہے۔
’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے جس میں مختلف شوز کے کلپس میں سپر اسٹار رنبیر کپور اور دلجیت دوسانج بھی نظر آرہے ہیں۔عامر خان نے گزشتہ برس فلم ’کیری آن جٹہ3‘ کے ٹریلر لانچ کی تقریب میں انکشاف کیا تھا کہ وہ کپل شرما کے بڑے مداح ہیں۔

اس موقع پر کپل شرما نے بتایا تھا کہ وہ متعدد موقعوں پر عامر خان کو شو میں لانے کی کوشش کرچکے ہیں لیکن ان کی مصروفیات کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہوسکا۔
عامر خان نے اس موقع پر کہا تھا کہ وہ کپل شرما کی شو میں پروموشن کیلئے نہیں بلکہ صرف انٹرٹیمنٹ کیلئے شرکت کرنا چاہتے ہیں۔