اکشے کمار نے یکے بعد دیگرے فلمیں فلاپ ہونے پر خاموشی توڑ دی


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ سپر اسٹار اکشے کمار نے حال ہی میں اپنی ایک کے بعد ایک فلمیں فلاپ ہونے پر خاموشی توڑی دی۔ اکشے نے اپنی نئی آنیوالی فلم ’بڑے میاں چھوٹے میاں ‘ کے ٹریلر جاری ہونے پر اپنی حالیہ فلموں سیلفی اور مشن رانی گنج کے حوالے سے کھل کر اظہار خیال کیا۔
بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ وہ اپنی تمام تر کوشش کر رہے ہیں کہ ان کی فلمیں کامیاب ہوں، لیکن باکس آفس پر کامیابی ان کے ہاتھ میں نہیں۔اکشے کمار کا کہنا تھا کہ ہم ہر قسم کی فلم بنانے کی کوشش کرتے ہیں، میں کسی ایک طرز کی فلم تک محدود نہیں رہتا، چاہے کامیابی ہو یا نہ ہو۔ یہ وہ طریقہ کار ہے جس پر میں نے ہمیشہ کام کیا ہے اور میں آگے بھی اسی طرح کا کام کرتا رہوں گا، چاہے وہ کامیڈی فلم ہو یا ایکشن۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ہمیشہ مختلف قسم کے کام کرتا رہوں گا، لوگ کہتے بھی ہیں کہ ‘سر آج کل کامیڈی اور ایکشن بہت چل رہی ہے’، تو میں کہتا ہوں کہ ان دنوں کامیڈی اور ایکشن چل رہی ہے، اس کا یہ ہرگز مطلب نہیں کہ میں صرف اسی طرح کی فلمیں کروں، کیونکہ ایک ہی طرح کے کام سے میں بھی بور ہو جاتا ہوں۔ اب چاہے وہ ٹوائلٹ: ایک پریم کہانی ہو، یا ایئر لفٹ، رستم، یا بہت سی دیگر فلمیں ہوں جو میں نے کی ہیں، کبھی کبھار کامیابی ہوتی ہے، کبھی نہیں۔
اکشے کمار نے یہ بھی کہا کہ ایک وقت تھا جب میرے کیریئر میں 16 فلمیں متواتر ناکام ہوئی تھیں، لیکن میں اس وقت بھی کھڑا رہا اور اپنا کام کرتا رہا اب بھی کرتا رہوں گا۔
اپنی نئی فلم سے متعلق اکشے نے کہا کہ یہ ایک فلم ہے جس پر ہم سب نے اس سال بہت زیادہ محنت کی ہے اور اب ہم نتائج دیکھنے جا رہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ یہ ہم سب کےلیے اچھی قسمت لے آئے گی۔