پی ٹی آئی (پی) کی مخصوص نشستوں کا معاملہ، الیکشن کمیشن حکام فوری ہائیکورٹ طلب
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی مخصوص نشستوں کے حصول کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن حکام کو فوری طلب کرلیا۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ملک حبیب نور اورکزئی کی الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے وکیل درخواست گزار کو ہدایت کی کہ ابھی آپ انتظار کریں، الیکشن کمیشن کو ابھی بلا لیتے ہیں، اگر الیکشن کمیشن والے نہیں آتے تو فیصلہ کر دیں گے۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ چار مارچ کا مخصوص نشستوں کا آرڈر جاری ہوا اور ہمیں صرف ایک مخصوص نشست دی گئی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار پارٹی کیوں نہیں ہے، جنرل سیکریٹری کا اختیار نہیں ہے، جس پر وکیل نے بتایا کہ پارٹی نے ہی جنرل سیکریٹری کے ذریعے درخواست دی ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کی پارٹی کے کتنے ممبر صوبائی اسمبلی ہیں؟ وکیل درخواستگزار نے بتایا کہ ہمارے دو ایم پی اے ہیں اور دونوں کے نوٹیفکیشن بھی ساتھ لگائے ہیں، تین مارچ کے نوٹیفکیشن کے مطابق ایک سیٹ دی گئی جبکہ ہماری دو سیٹیں ہیں، الیکشن کمیشن نے کہا کہ ایک سیٹ پر اسٹے ہے اس لیے ایک مخصوص نشست دی جبکہ اسٹے ختم بھی ہوچکا ہے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن حکام کو طلب کرتے ہوئے سماعت میں وقفہ کر دیا۔