پنجگور، لوڈشیڈنگ اور وولٹیج کا مسئلہ، قیمتی برقی آلات جلنے لگے، شہری ایکشن کمیٹی


پنجگور(قدرت روزنامہ)آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی پنجگور کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجگور میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کو ایک عذاب میں مبتلا کر دیا ہے۔ ماہ صیام میں سحری اور افطار میں بجلی کی بندش سے روزہ دار شدید مشکلات سے دوچار ہیں روزانہ 18 سے 19 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوچکی ہے ۔24 میں سے اگر 5 گھنٹے بجلی ہوتی ہیں وہ بھی استعمال کے قابل نہیں ہے۔ یا وولٹیج کم ہے یاپھر 3تین سو سے اوپر وولٹیج ہوجاتاہے جس سے برقی آلات جل جاتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ کیسکو کی من مانیاں اور عوام کے ساتھ ظلم کا یہ سلسلہ کب تک جاری رہے گا۔ اس ظلم کے خلاف عوام کو سڑکوں پر لانے کے سوا اور کوئی چارہ نہیں ہے۔ انہوں نے کیسکو کے حکام بالا اور صوبائی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ پنجگور میں بجلی کی اس غضب ناک لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیکر عوام کو اس عذاب سے نجات دلائیں۔