دکی میں کانکنوں کا اغوا اور شر پسندوں سے نمٹنے کیلئے قبائلی لشکر تشکیل دینے کا فیصلہ


دکی(قدرت روزنامہ)دکی میں ہے درپے کوئلہ کانوں میں کانکنی کرنے والے سات مزدوروں کے اغواءکے بعد کول مائنز کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ایف سی چھاو¿نی دکی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں اعلیٰ سیکورٹی حکام کول مائنز اونرز اور ال پاکستان مائنز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کے صوبائی اور ضلعی رہنماو¿ں سمیت قبائلی رہنماو¿ں اور قبائلی سرداران نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بائیس مارچ کو اغواءہونے والے سات کوئلہ کانکنوں اور اس سے قبل پیش آنے والے واقعات کی تدارک کے لئے قبائلی لشکر تشکیل دیا جائیگا۔قبائلی لشکر سیکورٹی فورسز کے ساتھ ملکر کول مائنز کی حفاظت یقینی بنائے گا۔اور اسکے علاوہ ہر پیٹی ٹھیکیدار سمیت ہر کان مالک اپنے ہالج پر ایک پرائیوٹ سیکورٹی اہلکار تعینات کرکے سرچ لائٹ کو یقینی بنائیگا۔ اجلاس کے شرکاءنے متفقہ فیصلہ کیا کہ دکی کے امن وامان اور مائننگ کی سیکورٹی کو کسی بھی صورت خراب نہیں ہونے دیا جائیگا۔ دکی کے قبائل کسی بھی صورت علاقے کا امن اور کوئلے کا کاروبار خراب کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔اجلاس کے شرکاءنے کول مائنز لیبر کو یقین دہانی کروائی کہ لیبر کو ہر قسم کا حفاظت ہمارا اولین فرض ہے جس پر کسی صورت کمپرومائز نہیں کی جائیگی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کول مائنز پر کام کرنے والے تمام لیبر کسی بھی خطرے کی صورت میں فوری طور پر سیکورٹی فورسز کو بروقت مطلع کرینگے۔