اقتدار کے بغیر بھی عوام کی خدمت کی، ضمنی انتخاب میں دھاندلی نہیں ہونے دیں گے، میر شفیق الرحمن مینگل
خضدار(قدرت روزنامہ)جھالاوان عوامی پینل کے سربراہ پی بی 20 کے امیدوار میر شفیق الرحمان مینگل نے کہاہے کہ اقتدار کے بغیر ہم نے ضلع خضدار کے عوام کی خدمت اپنی بساط کے مطابق کی ہے اور زندگی کی ضروریات عوام کو پہنچانے کی ہرممکن کوشش کی ہے۔ آئندہ بھی اس خدمت کو جاری رکھیں گے۔ ہم جمہوری و سیاسی لوگ ہیں ماضی میں بھی سیاسی انداز میں جدوجہد کی ہے انتخابات کا حصہ بنے ہیں اور آئندہ بھی مخالفین کا الیکشن میں بھرپور انداز میں مقابلہ کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین خضدار حاجی محمد اقبال مینگل کی رہائشگاہ پر پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار میر نعمت اللہ خان تمرانی نے میر شفیق الرحمان مینگل کی حمایت کرتے ہوئے ان کے حق میں دستبردار ہوگیا۔ اس موقع پر قائد جھالاوان عوامی پینل میر شفیق الرحمان مینگل نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمارا عوام کے ساتھ ہمدردانہ تعلق ہے ہم نے ہمیشہ عوام کی خدمت کو اپنا فریضہ سمجھا ہے اور ان کی شانہ بشانہ رہ کر ان کے لئے کام کرتے رہے ہیں میں میرنعمت اللہ تمرانی کا بھی مشکور ہوں کہ انہوں نے ہماری حمایت کرکے ضمنی الیکشن میں ساتھ دینے کے لئے ہاتھ بڑھایا ہے اس سے ہمارا پینل الیکشن میں اور زیادہ مضبوط ہوگا۔ میر شفیق الرحمان مینگل کا کہنا۔ 8 فروری کے الیکشن میں دھاندلی ہوئی تھی تاہم ضمنی الیکشن میں دھاندلی کی اجازت نہیں دی جائیگی الیکشن کے دن موبائل نیٹ ورک کا بند رہنا بھی نقصان دہ ہے جس سے عوام کو پولنگ اسٹیشنز تک آنے اور ایک دوسرے سے الیکشن کے حوالے سے رابطہ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اور پھر بلوچستان کے دور دراز و تقسیم در تقسیم اور پہاڑی علاقوں میں رابطہ کی سہولت پر بین لگانا اور زیادہ تکلیف دہ ثابت ہوجاتا ہے۔امید ہے کہ الیکشن کمیشن ضمنی الیکشن میں موبائل نیٹ ورک بند کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کریں گے۔ میر شفیق الرحمان مینگل کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو الیکشن دھاندلی پر دوسری جماعتوں نے احتجاج کیا لیکن وہ ڈسٹرکٹ خضدار میں دھاندلی پر خاموش رہے اگر دھاندلی تھی تو پورے صوبے میں تھی تاہم خضدار ڈسٹرکٹ میں خاموش رہنا تعجب خیز ہے۔ ایک سوال کے جواب میر شفیق الرحمان مینگل کا کہنا تھا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری سے ہمارے اچھے مراسم ہیں اور صدر آصف علی زرداری خود باصلاحیت پولیٹیکل ہے ان سے ہماری ملاقات ہوئی تھی اور ہمیں پیپلزپارٹی میں شمولیت کی دعوت بھی دی گئی تھی تاہم اس وقت ہم نے اپنے ورکرز سے مشاورت نہیں کی تھی اس لیے ہم پیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ نہیں کر پائے ہم سیاسی لوگ ہیں اور چھوٹی و بڑی سیاسی جماعتوں کی قیادت سے وقتاً فوقتاً بات چیت اور ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں جو کہ سیاست کا حصہ ہیں۔ اس موقع پر میر شہباز قلندرانی حاجی محمد اقبال مینگل میر فداقلندرانی میر شہزاد غلامانی عبید قلندرانی مولوی علی اکبر محمد زئی اقبال رئیسانی میر زرک تمرانی و دیگر رہنماءاور کارکنان موجود تھے۔