اداکارہ ادیتی راؤ حیدری اور سدھارتھ نے خاموشی سے شادی کرلی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارتی اداکارہ ادیتی راؤ حیدری اور سدھارتھ منگل 26 مارچ کو خاموشی سے شادی کے بندھن میں بندھ گئے، تاہم دونوں نے اب تک نئے رشتے میں بندھنے کا باضابطہ اعلان نہیں کیا۔
بھارتی میڈیا انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق ادیتی راؤ اور سدھارتھ کے درمیان کچھ عرصے ایک دوسرے کو ڈیٹ کررہے تھے، جس کے بعد دونوں کے درمیان رومانوی تعلقات اور جلد شادی کی خبریں وائرل ہوئی تھیں۔
تاہم اب خبریں گردش کررہی ہیں کہ دونوں نے ریاست تلنگانہ کے ایک مندر میں شادی کی جہاں دونوں کے قریبی دوستوں اور اہل خانہ نے شرکت کی تھی۔
ادیتی اور سدھارتھ نے تمل-تیلگو فلم ’مہا سمندرم‘ (2021) میں کام کرنے کے بعد ایک دوسرے کو پسند کرنے لگے تھے، دونوں نے اپنے تعلقات کو کچھ دیر کے لیے نجی رکھا۔ تاہم جوڑے کو اکثر فلمی پریمیئرز، ایوارڈ شوز اور پرائیویٹ اجتماعات میں ایک ساتھ دیکھا جاتا رہا۔
ادیتی نے پہلے اداکار ستیہ دیپ مشرا سے شادی کی تھی تاہم دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی۔
ادیتی راؤ نے بولی وڈ کی نامور فلموں میں کام کیا ہے، جلد ہی وہ پاکستان کے شہر لاہور کے تاریخی محلے ہیرا منڈی پر بنائی گئی بولی وڈ ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ میں بھی نظر آئیں گی۔