حافظ نعیم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے پر الیکشن کمیشن کو نوٹس
کراچی(قدرت روزنامہ)سندھ ہائیکورٹ نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کیخلاف پی ٹی آئی کے امیدوار سیف باری کی درخواست پر الیکشن کمیشن، ایڈووکیٹ جنرل اور ڈپٹی اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردئیے۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدوار سیف باری کی پی ایس 129 پر کامیاب امیدوار کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے سے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ فارم 45 کے مطابق سیف باری نے پی ایس 129سے کامیابی حاصل کی ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے عوام کے سامنے کہا ہے وہ اس حلقے سے کامیاب نہیں ہوئے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمان نے اپنے انتخابی اخراجات سے متعلق فارم سی بھی جمع نہیں کرایا ہے۔ الیکشن کمیشن کو حکم دیا جائے کہ پی ایس 129 پر کامیاب امیدوار کا نوٹیفکیشن جاری کرے۔ تاکہ ہم الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کیخلاف الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرسکیں۔
عدالت نے الیکشن کمیشن، ایڈووکیٹ جنرل اور ڈپٹی اٹارنی جنرل کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے فریقین سے 9 اپریل تک جواب طلب کرلیا۔