جواہرات کے شعبے کو ترقی دیکر زرمبادلہ کما سکتے ہیں، صدر مملکت


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک کے جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کی ترقی پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمد سے پاکستان کو قیمتی زرمبادلہ کمانے میں مدد مل سکتی ہے۔
پاکستان میں جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کی ترقی کے حوالے سے ایوان صدر میں ہونے والے اجلاس کے دوران صدر نے کہا کہ عالمی جواہرات اور زیورات کی مارکیٹ میں داخل ہونے کے لئے پاکستان کی قیمتی پتھروں کی مصنوعات کی بہتر مارکیٹنگ اور تشہیر کی ضرورت ہے۔جیمز اور جیولری میں سرمایہ کاری کیلئے غیر ملکی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی۔ اس سے مقامی آبادی کیلئے روزگار کے مواقع کھولنے میں مدد ملے گی۔
آصف علی زرداری نے جواہرات اور جیولری کے شعبے میں تنوع لانے اور صنعتوں کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ مقامی افرادی قوت کی تربیت اور ہنر مندی میں اضافے پر توجہ دینا ہوگی۔ اجلاس میں پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عالمگیر چوہدری اور سینئر سرکاری افسران نے شرکت کی۔
پی جی جے ڈی سی کے سی ای او نے اجلاس کو جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کی ترقی کے لئے سٹرٹیجک پلان کے بارے میں آگاہ کیا اور اس سلسلہ میں مختلف چیلنجز اور مواقع کو اجاگر کیا۔پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر نے ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی ملاقات کے دوران دوطرفہ اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین تجارتی اور اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک،برطانیہ تعلقات کو اعلیٰ سطحی رابطوں اور عوامی تعلقات سے تقویت ملی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے ملک کی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کا استحکام اوّلین ترجیح ہے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور غربت کے خاتمے پر توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کے لیے ایک سنگین چیلنج ہے۔
صدر مملکت نے ملاقات میں برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم اور پرنسز آف ویلز کیتھرین مڈلٹن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ جین میریٹ نے صدر آصف علی زرداری کو عہدہ صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دی۔