سندھ میں 15 جیلوں کی مرمت کیلیے ایک ارب 30 کروڑ روپے کی منظوری


کراچی (قدرت روزنامہ) نگران حکومت کے جاتے ہی بند کرائے گئے ترقیاتی منصوبوں پرکام شروع کردیا گیا جب کہ محکمہ داخلہ نے 15 جیلوں کی مرمت کیلیے ایک ارب30کروڑ ایک لاکھ 49ہزار روپے کی منظوری دے دی ہے۔
محکمہ داخلہ نے محکمہ منصوبہ بندی وترقیات سے پی ڈی ڈبلیو پی کی منظوری کے لیے کیس تیار کرلیا ہے، سینٹرل جیل سکھر ، سینٹرل جیل خیرپور ، سینٹرل جیل لاڑکانہ ، ڈسٹرکٹ جیل گھوٹکی میں تعمیراتی کام ہونگے، ڈسٹرکٹ جیل شکارپور ، جیکب آباد ، وومن جیل لاڑکانہ، سکھر جیل کی مرمت بھی کی جائے گی۔
سینٹرل جیل کراچی میں انتظامی بلاک بھی تعمیر کیا جائے گا، جبکہ سینٹرل جیل کراچی میں اندرونی سڑکیں، راستوں اور نکاسی آب کی تعمیرات کی جائے گی، سینٹرل جیل میرپور خاص، ڈسٹرکٹ جیل نوشہرو فیروز اور ڈسٹرکٹ جیل نوابشاہ کی بھی مرمت کی جائے گی، ڈسٹرکٹ جیل جیکب آباد اور ڈسٹرکٹ جیل سانگھڑ کی10فٹ سے زیادہ باؤنڈری وال تعمیر کی جائے گی۔
محکمہ منصوبہ بندی وترقیات کی منظوری کے بعد محکمہ خزانہ رقم جاری کرے گا۔ یاد رہے کہ عام انتخابات کے اعلان ہوتے ہی نگراں حکومت سندھ نے ان 15 جیلوں کے منصوبوں پر کام روک دیا تھا۔