بلوچستان؛ ایف آئی اے کا کریک ڈاؤن، بڑی تعداد میں جعلی ادویات برآمد


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) ایف آئی اے کے بلوچستان میں کریک ڈاؤن کے دوران بڑی تعداد میں جعلی ادویات برآمد کرلی گئیں۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ا سی سلسلے میں بلوچستان زون کی مختلف علاقوں میں بڑی کاروائیاں کی گئیں، جن میں بھاری مقدار میں غیر رجسٹرڈ اور جعلی ادویات برآمد کرکے فروخت میں ملوث ملزمان کے خلاف 4 انکوائریاں درج کر لی گئی ہیں۔
اینٹی کرپشن سرکل کوئٹہ نے ہزار گنجی کوئٹہ میں واقع اسٹور سے بڑی تعداد میں جعلی ادویات برآمد کر لیں۔ چھاپا مار کارروائی خفیہ اطلاع پر ڈریپ حکام کے ساتھ مل کر سے عمل میں لائی گئی، جس میں 100 سے زائد اقسام کی غیر رجسٹرڈ اور جعلی ادویات قبضے میں لے لی گئیں۔
برآمد ہونے والی ادویات میں اینٹی بائیوٹک، پین کلر اور جان بچانے والی ادویات بھی شامل ہیں۔ ایف آئی اے چمن نے پاور ہاؤس روڈ پر واقع 3 مختلف میڈیکل اسٹورز پر چھاپا مار کاروائیاں کیں اور مختلف اسٹورز سے مشتبہ ادویات کو قبضے میں لے کر ڈریپ حکام کے حوالے کر دیا اور ملزمان کے خلاف انکوائریاں درج کرلی گئیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران ایف آئی اے بلوچستان زون نے جعلی ادویات کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف 33 چھاپا مار کاروائیاں کی ہیں، جن میں ملوث ملزمان کے خلاف 21 انکوائریاں درج کر لی گئی ہیں۔ چھاپوں کے دوران بھاری تعداد میں جعلی ادویات قبضے میں لی گئی ہیں۔ تمام ملزمان کے خلاف مزید کارروائی ڈریپ حکام کی رپورٹ پر عمل میں لائی جائے گی۔