صنعت مالکان کو بڑا ریلیف؛ گیس کی قیمتوں میں اضافے کے 2 نوٹی فکیشن معطل


کراچی(قدرت روزنامہ) سندھ ہائیکورٹ نے صنعتوں کو فراہم کی جانے والی گیس کی قیمتوں میں اضافے کے 2 نوٹی فکیشن معطل کردیے۔ ہائیکورٹ میں صنعتوں کو فراہم کی جانے والی گیس کی قیمتوں میں اضافے کے نوٹی فکیشن کے اطلاق کا تنازع سے متعلق 400 سے زائد صنعتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
درخواستگزاروں کے وکلا نے مؤقف دیا کہ اوگرا نے صنعتوں کو فراہم کی جانے والی گیس کی قیمتوں میں اضافے کا پہلا نوٹی فکیشن 15 نومبر 2023 کو جاری کیا تھا، گیس کی قیمتوں میں اضافے کی وصولی یکم نومبر 2023 سے شروع کردی گئی تھی۔
علاوہ ازیں صنعتی گیس کی قیمتوں میں اضافے کا دوسرا نوٹی فکیشن 8 فروری کو جاری ہوا تھا جبکہ دوسرے نوٹی فکیشن کے مطابق اضافی قیمتوں کی وصولی یکم فروری 2024 سے شروع کردی تھیں۔
درخواستگزاروں کے وکلا نے مؤقف دیا کہ نوٹی فکیشن کے اجرا سے قبل اضافی قیمتیں وصول کرنا غیر قانونی ہے۔ بعدازاں عدالت نے صنعتوں کو فراہم کی جانے والی گیس کی قیمتوں میں اضافے کے 2 نوٹی فکیشن معطل کردیے۔ عدالت نے حکم دیا کہ وصولی اس وقت ہوگی جب نوٹی فکیشن کا اجرا ہوگا۔