پاکستان

پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے، وزارت خزانہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزارت خزانہ نے مارچ کی ماہانہ آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری آرہی ہے۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہو گیاہے، قرض کی آخری 1 اعشاریہ1 ارب ڈالر کی قسط مل جائے گی۔ رپورٹ میں مزی کہا گیا کہ حکومت کے پالیسی اقدامات سے فنانسنگ کی ضروریات میں کمی آئی ہے۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ربیع سیزن کی فصلوں کی اچھی پیداوار ہو گی، اس سیزن میں یوریا کے استعمال میں 4 اعشاریہ 2 فیصد کی کمی ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے فروری میں ترسیلات زر 1 اعشریہ 2 فیصد کمی کے ساتھ 18 اعشاریہ1 ارب ڈالر رہیں۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں برآمدات 10فیصد اضافے سے 20اعشاریہ5 ارب ڈالر رہیں۔ جولائی سےفروری میں درآمدات 8 اعشاریہ 8 فیصد کمی کے ساتھ 34 اعشاریہ1 ارب ڈالر رہیں۔ وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے فروری میں ایف بی آر کی ٹیکس وصولی 29 اعشاریہ 8 فیصد بڑھ کر 5 ہزار 831 ارب روپے ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال نان ٹیکس آمدن 105 فیصد اضافے کے ساتھ 2 ہزار 140 ارب روپے رہی، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 17 فیصد کم ہو کر 82 کروڑ ڈالر رہی۔
وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی ترقیاتی پروگرام کے لیے 1 اعشاریہ 6 فیصد کمی کے ساتھ 210 اعشاریہ7 ارب روپے جاری کیے گئے۔رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں بجٹ خسارہ 38 فیصد اضافے کے ساتھ 2 ہزار 720 ارب روپے رہا۔ رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں پرائمری بیلنس 105 فیصد اضافے کے ساتھ 1 ہزار 939 ارب روپے رہا۔
رپورٹ کے مطابق اگلے ماہ مہنگائی کم ہوکر 21 سے 22 فیصد کے درمیان رہے گی، رواں سال ڈالر ریٹ میں 5 روپے 54 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔وزارت خزانہ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ہر ماہ پاکستان کی اکنامک اور مالی پوزیشن بہتر ہو رہی ہے۔

متعلقہ خبریں