پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے، وزارت خزانہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزارت خزانہ نے مارچ کی ماہانہ آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری آرہی ہے .
وزارت خزانہ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہو گیاہے، قرض کی آخری 1 اعشاریہ1 ارب ڈالر کی قسط مل جائے گی .

رپورٹ میں مزی کہا گیا کہ حکومت کے پالیسی اقدامات سے فنانسنگ کی ضروریات میں کمی آئی ہے .
وزارت خزانہ کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ربیع سیزن کی فصلوں کی اچھی پیداوار ہو گی، اس سیزن میں یوریا کے استعمال میں 4 اعشاریہ 2 فیصد کی کمی ہوئی . رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے فروری میں ترسیلات زر 1 اعشریہ 2 فیصد کمی کے ساتھ 18 اعشاریہ1 ارب ڈالر رہیں .
وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں برآمدات 10فیصد اضافے سے 20اعشاریہ5 ارب ڈالر رہیں . جولائی سےفروری میں درآمدات 8 اعشاریہ 8 فیصد کمی کے ساتھ 34 اعشاریہ1 ارب ڈالر رہیں . وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے فروری میں ایف بی آر کی ٹیکس وصولی 29 اعشاریہ 8 فیصد بڑھ کر 5 ہزار 831 ارب روپے ہو گئی . رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال نان ٹیکس آمدن 105 فیصد اضافے کے ساتھ 2 ہزار 140 ارب روپے رہی، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 17 فیصد کم ہو کر 82 کروڑ ڈالر رہی .
وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی ترقیاتی پروگرام کے لیے 1 اعشاریہ 6 فیصد کمی کے ساتھ 210 اعشاریہ7 ارب روپے جاری کیے گئے . رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں بجٹ خسارہ 38 فیصد اضافے کے ساتھ 2 ہزار 720 ارب روپے رہا . رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں پرائمری بیلنس 105 فیصد اضافے کے ساتھ 1 ہزار 939 ارب روپے رہا .
رپورٹ کے مطابق اگلے ماہ مہنگائی کم ہوکر 21 سے 22 فیصد کے درمیان رہے گی، رواں سال ڈالر ریٹ میں 5 روپے 54 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی . وزارت خزانہ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ہر ماہ پاکستان کی اکنامک اور مالی پوزیشن بہتر ہو رہی ہے .

. .

متعلقہ خبریں