لاہور(قدرت روزنامہ) محکمہ پاسپورٹ میں ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد پاسپورٹ التوا کا شکار ہونے کی وجہ سے شہری کئی ماہ سے پریشان ہیں .
ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن مشین ریڈ ایبل اور ای پاسپورٹ بروقت فراہم کرنے میں ناکام ہوگیا .
ساڑھے 5 لاکھ سے زائد پاسپورٹ التوا کا شکار ہونے کی وجہ سے امریکا برطانیہ کینیڈا،سمیت دیگر ممالک میں رہائش پذیر سیکڑوں پاکستانی پاسپورٹ کے انتظار میں کئی ماہ سے انتظار کی سولی پر لٹکے ہوئے ہیں .
حج اور عمرہ پر جانے کے خواہش مند بھی ہزاروں پاسپورٹس بروقت نہ ملنے کی وجہ سے ذہنی کرب کا شکار ہیں . متاثرین کا کہنا ہے کہ محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن صرف ارجنٹ اور فاسٹ ٹریک فیس والوں کو پاسپورٹ بنا کر دے رہا ہے . 3 ماہ ہوگئے ابھی تک پاسپورٹ نہیں ملا . رمضان المبارک میں عمرہ پر جانا تھا، رمضان ختم ہونے کو ہے پاسپورٹ نہیں ملا .
دوسری جانب پاسپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ انک اور لیمینشن پیپر کا اسٹاک ختم ہونے کی وجہ سے تاخیر ہو رہی ہے . دونوں اشیا آ چکی ہیں، جس کے بعد اب جون تک تمام پاسپورٹ کلیئر ہو جائیں گے .