وفاق نے چیف سیکرٹری کو نہ ہٹایا تو دیگر آپشنز بھی موجود ہیں: وزیر قانون کے پی
پشاور(قدرت روزنامہ)وزیر قانون خیبرپختونخوا آفتاب عالم نے کہا ہے کہ وفاق نے چیف سیکرٹری کو نہیں ہٹایا تو دیگر آپشنز بھی موجود ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے کہا کہ 9 اور 10 مئی واقعات کی جوڈیشل انکوائری کیلئے مشاورت شروع کرلی ہے، 9 اور 10 مئی واقعات سے متعلق جوڈیشل انکوائری سے متعلق لیڈر شپ کے ساتھ بیٹھ کر اجتماعی فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پی ٹی آئی رہنماؤں پر درج جعلی ایف آئی آرز ختم کی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں جعلی ایف آئی آر درج کرنے والے پولیس آفیسرز پر مقدمات درج کریں گے۔
آفتاب عالم نے کہا کہ ہمارے خلاف تھری ایم پی او اور دفعہ 144 غلط استعمال کی گئی، اب نہیں چاہتے کہ مستقبل میں اس قانون کا مزید غلط استعمال ہو، اس لیے تھری ایم پی او اور 144 کے قانون میں تبدیلی لائیں گے۔