پی ٹی آئی سندھ نے سینیٹ الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا


کراچی(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف سندھ نے سینیٹ الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔ صوبائی صدر حلیم عادل شیخ نے سینیٹ الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جہاں چوری شدہ مینڈیٹ کے اراکین بیٹھے ہیں وہاں الیکشن نہیں لڑیں گے وزیر اعظم صدر سمیت پورا نظام جعلی ہے۔
انہوں نے کہاکہ سندھ میں ضمنی انتخابات میں ہمارے امیدواروں کو اغوا کیا گیا، آصفہ بھٹو کے سامنے آر او نے فارم مسترد کیا، امیدوار آرڈر لیکر ٹریبونل میں جارہے تھے ہمارے امیدوارکو اغوا کیا گیا،آصفہ اگر محترم کی تصویر ہوتی تو الیکشن لڑ کر جیتتی،انہوں نے چوری کی ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سینیٹ کا الیکشن چوری سے جیتا جارہا ہے، اسمبلی میں اس وقت فارم 45 والے ارکان نہیں، اس لیے ہم سینیٹ الیکشن میں سندھ سے حصہ نہیں لے رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں 8 فروری پر یقین ہے لیکن 9 فروری پر نہیں ہے، ہمارے پارلیمانی لیڈر اراکین اسمبلی موجود ہیں، ہم اس گندے سسٹم میں نہیں جانا چاہتے، ہمارے امیدوار سینیٹ الیکشن سے ریٹائر ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ 28 اپریل کو کراچی میں عوامی عدالت لگائیں گے،ہم کراچی میں بڑا جلسہ کریں گے،فیصل واوڈا کس کے آدمی ہیں کس کے ووٹ پر فارم بھرے ہیں۔