پاکستان میں سکون ہے، شادی کرکے بیرون ملک مت جانا، صنم جنگ کا مشورہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اداکارہ اور مارننگ شو میزبان صنم جنگ کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ نوجوان لڑکیوں کو ملک سے باہر شادی نہ کرنے کا مشورہ دے رہی ہیں۔
میزبان ندا یاسر کے پروگرام شانِ صحور میں شرکت کرتے ہوئے صنم جنگ نے کہا کہ ان لڑکیوں کو مشورہ دیا جو شادی کرکے ملک سے باہر جانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
اداکارہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ’ملک سے باہر شادی مت کرنا، پاکستان چھوڑ کر مت جانا، یہ سب سے اچھا فیصلہ ہے، یہاں (پاکستان میں) سکون میں رہو گی، بیرون ملک جاؤ گی تو والدین سمیت سب لوگ یاد آئیں گے‘۔
صنم جنگ نے مزید کہا کہ بیرون ملک جاکر وہ لوگ بھی یاد آئیں گے جن سے آپ نفرت کرتے تھے۔
اداکارہ اس سے قبل بھی پردیس میں رہنے کا دکھ بیان کرچکی ہیں، اپنی شادی کے بعد رواں سال فروری میں پاکستان چھوڑ کر امریکا منتقل ہونے کے بعد ان کی رونے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر لکھا تھا کہ بعض مرتبہ انسان کہیں دور چلے جانے کی خواہش کرتا ہے اور پھر مجبوری میں انسان دوری میں ہی سکون تلاش کرلیتا ہے۔
اداکارہ کو ویڈیو میں اپنے بچوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے دیکھا گیا، تاہم وطن اور والدین سمیت دیگر رشتے داروں سے دوری پر وہ اشکبار ہوجاتی ہیں۔
خیال رہے کہ صنم جنگ جولائی 2023 میں پاکستان سے امریکا منتقل ہوئی تھیں، انہوں نے اس پر ولاگ بھی شیئر کیا تھا جب کہ امریکا منتقل ہونے کے بعد بھی وہ وہاں سے ولاگز شیئر کرتی رہتی ہیں۔