اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سینیٹ کی 30 نشستوں کے لیے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں ووٹنگ جاری ہے . سینیٹ کی 30 نشستوں کے لیے 59 امیدوار مد مقابل ہیں جبکہ 18 سینیٹرز بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں .
بلوچستان اسمبلی سے تمام 11 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے .
سینیٹ کی 30 خالی نشستوں کے لیے آج قومی اور صوبائی اسمبلی کے ارکان حق رائے دہی استعمال کریں گے . سینیٹر کا انتخاب 6 برس کے لیے کیا جائے گا . ووٹنگ صبح 9 بجے سے شروع ہو کر شام 4 بجے تک جاری رہے گی .
اسلام اباد سے جنرل اور ٹیکنوکریٹ نشست پر دو، دو امیدوار مد مقابل ہیں . اسلام آباد کی ایک ٹیکنوکریٹ اور ایک جنرل نشست پر 4 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے .
اسلام آباد کی ٹیکنوکریٹ نشست پر مسلم لیگ نون کے امیدوار اسحاق ڈار کا مقابلہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار راجہ انصر محمود سے ہوگا . اسلام آباد کی ایک جنرل نشست پر 2 امیدوار مدمقابل ہیں . پیپلزپارٹی کی جانب سے رانا محمود الحسن ،سنی اتحاد کونسل کی جانب سے فرزند علی شاہ امیدوار ہیں .
پنجاب اسمبلی سے 7 جنرل نشستوں پر بھی امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو گئے . پنجاب سے خواتین کی نشستوں پر 4، ٹیکنوکریٹ اور علماء کی نشست پر 3 امیدوار ہیں . اقلیتی نشست پر2 امیدوار میدان میں ہیں .
سندھ سے جنرل نشستوں پر 11 اور خواتین نشست پر 3 امیدوار ہیں . سندھ سے ٹیکنوکریٹ کی نشستوں پر 4 اور اقلیتی نشست پر 2 امیدوار ہیں . خیبر پختونخوا سے جنرل نشستوں پر 16، خواتین نشست پر 4 امیدوار ہیں . کے پی سے علماء اور ٹیکنوکریٹ کی نشستوں پر 6 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے .
سینیٹ انتخابات کے لیے 4 مختلف رنگوں میں بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں . جنرل نشستوں کے لیے سفید پیپرز، ٹیکنوکریٹ نشستوں کے لیے سبز بیلٹ پیپر ہیں . خواتین کی نشستوں کے لیے گلابی اور اقلیتی نشستوں پیلے رنگ کے بیلٹ پیپرز استعمال ہوں گے