رکن اسمبلی کی جامعہ بلوچستان کی خواتین اساتذہ سے بدتمیزی ناقابل برداشت ہے، تحریک انصاف
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)تحریک انصاف بلوچستان کے سینئر رہنماءمحمد آصف ترین نے اپنے بیان میں کہا کہ فارم 47 کا جعلی نمائندہ علی مدد جتک کا یونیورسٹی اساتذہ کیساتھ بد تہذیبی و بدتمیزی قابل مذمت و ناقابل برداشت ہے، استاد کا درجہ ماں، باپ کے درجے کے برابر ہے، علی مدد جتک کی اساتذہ کیساتھ بد تمیزی نے قبائلی روایات کو پامال کیا ہے۔ علی مدد اخلاقی طور پر فی الفور اساتذہ سے معذرت کریں۔ یونیورسٹی آف بلوچستان کے اساتذہ کرام جو پچھلے 3 سے 4 مہینوں کی تنخواہوں سے محروم ہیں، بالخصوص رمضان المبارک اور عید کی آمد ہے لیکن اساتذہ کرام شاپنگ و خریداری تو دور کی بات فاقہ کشی و خود کشی کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اپنے حقوق کے لئے احتجاج ہر شہری کا بنیادی اور جمہوری حق ہے انکے مسائل حل کرانا حکومت، ریاست اور عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے، آج بلوچستان اسمبلی کے سامنے اساتذہ کرام کے پرامن احتجاج میں ممبر صوبائی اسمبلی علی مدد جتک کی فیمل اساتذہ کرام کیساتھ بد تہذیبی و بدتمیزی قابل مذمت و ناقابل برداشت ہے جسکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ہم گورنر، وزیراعلیٰ بلوچستان سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ علی مدد جتک کیخلاف کارروائی کی جائے اور علی مدد اخلاقی طور ان اساتذہ کرام سے معذرت کریں تاکہ یہ معاملہ قبائلی تنازعات کی نذر نہ ہو۔