تائیوان زلزلے سے لرزاٹھا، متعددعمارتیں زمین بوس، سونامی الرٹ جاری


تائی پے(قدرت روزنامہ) تائیوان میں زلزلے کے شدید جھٹکوں سے زمین لرز اٹھی، متعدد عمارتیں گرنے کی وجہ سے ہلاکتوں کا خدشہ ہے جبکہ سونامی الرٹ جاری کردیا گیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تائیوان کے دارالحکومت تائی پے میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 7.5 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کے جھٹکے چینی صوبے فوجیان میں بھی محسوس کیے گئے جس کے بعد شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
حکام کے مطابق زلزلے کا مرکز ہوالین سے تقریباً 18 کلو میٹر جنوب اور تائی پے سے 138 کلو میٹر دور سمندر تھا، زلزلہ مقامی وقت کے مطابق بدھ کی صبح تقریباً 8 بجے آیا، جھٹکے جاپان، شنگھائی، سوزو، شینزین، گوانگ زو اور شانتو میں بھی محسوس کیے گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں متعدد عمارتیں زمین بوس ہو گئی ہیں، عمارتوں کے ملبے تلے دبنے کی وجہ سے متعدد ہلاکتیں ہونے کا خدشہ ہے، زلزلے کے بعد تائیوان کے دارالحکومت تائی پے کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے، لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
تائیوان کے حکام نے زلزلے کی بعد سونامی کی وارننگ جاری کر دی، ریسکیو اہلکاروں نے متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں جبکہ ہسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
یاد رہے کہ ستمبر 1999 میں تائیوان میں 7.6 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس میں جزیرے کی تاریخ کی سب سے مہلک قدرتی آفت میں لگ بھگ 2 ہزار 400 افراد ہلاک ہوئے۔