شہباز شریف کی 5 سال میں ملکی برآمدات دگنا کرنے کا لائحہ عمل بنانے کی ہدایت


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آئندہ پانچ سالوں میں ملکی برآمدات دو گنا کرنے کیلیے لائحہ عمل بنانے، ای کامرس شعبے میں برآمدکنندگان کو سہولیات فراہم کرنے اور وزارت تجارت کو میڈ ان پاکستان برانڈ برآمد کرنے والوں کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت برآمدی شعبے کی ترقی پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ وزیرِ اعظم نے وزارت تجارت کو تمام اسٹیک ہولڈرز اور انٹرپرینیورز سے مشاورت کے بعد ملکی برآمدات کو آئندہ 5برس میں دگنا کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔
انھوں نے کہا پاکستان کے برآمدی شعبے کی مکمل استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلیے اقدامات کر رہے ہیں۔ آئی ٹی، گھریلو استعمال کی مصنوعات، ٹیکسٹائل اور منفرد شعبوں کی برآمدات کے فروغ کیلئے شعبے کے سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے۔ ایسی برآمدات جو عالمی ویلیو چینز کا حصہ ہوں ان کی صنعت کی ترقی کی حوصلہ افزائی کیلئے سفارشات مرتب کرکے پیش کی جائیں۔
علاوہ ازیں وزیراعظم سے وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کی ترقی، انہیں صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیرِ اعظم نے گلگت بلتستان میں سیاحت کی ترقی اور شمسی توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے گلگت بلتستان کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کمیٹی مشاورت کے بعد اپنی سفارشات پیش کرے۔ گلگت بلتستان میں غریب و نادار گھرانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں اور بچیوں کیلئے دانش سکول قائم کر رہے ہیں۔ دانش سکول بچوں کو بین الاقوامی معیار کی اعلی تعلیم کے ساتھ ساتھ رہائش کی سہولت بھی فراہم کریں گے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان کے تینوں ڈویژنز میں دانش سکول تعمیر کئے جائیں۔ انہوں نے عطاآباد اور ہارپو پن بجلی منصوبے کی تکمیل پر کام کہ رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم سے ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت، توانائی تعاون، سڑک اور ریل رابطے، ثقافتی تبادلے، انسداد دہشت گردی کی کوششوں اور سکیورٹی تعاون کو بڑھانے کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر ایران کی حمایت کو سراہا۔
وزیراعظم نے نومنتخب سینیٹرز کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا سینیٹ الیکشن جمہوری عمل کا تسلسل ہیں، امید ہے نومنتخب سینیٹرز آئین کی سربلندی اور ملکی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ نومنتخب سینیٹرز عوامی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے مؤثر قانون سازی میں حصہ لیں، وفاقی اکائیوں کی مضبوطی اور جمہوری اقدار کی پاسداری کیلئے سینیٹرز کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔