اسلام آباد

کراچی: عید سے قبل دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، 2 دہشتگرد گرفتار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے کراچی میں 2 دہشتگردوں کو گرفتار کر کے عید سے قبل دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق سی ٹی ڈی انویس ٹیگیشن یونٹ نے بتایا کہ منگھو پیر سے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ گرفتار دہشت گرد عید سے قبل شہر میں دہشت گردی کا منصوبہ بنا رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزمان سے دھماکا خیز مواد اور اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس فدا حسین نے بتایا کہ گرفتار دہشتگردوں میں سلمان شاہ اور میر علی شاہ شامل ہیں، ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور اس کی مزید تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 19 مارچ کو کراچی کے منگھو پیر روڈ پر نورس چورنگی کے قریب محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گرد ولی رحمٰن کو گرفتار کرلیا تھا۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد ولی رحمٰن کے قبضے سے دستی بم برآمد ہوا ہے، ولی رحمٰن متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث رہا ہے، اس کا تعلق کمانڈر عظمت اللہ عرف طارق گروپ سے ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ولی رحمٰن نے ہلاک دہشت گرد قاری حسین سے خودکش حملے کی ٹریننگ لی تھی، گرفتاری کے خوف سے 2009 میں ولی رحمٰن دبئی فرار ہوگیا تھا۔
7 مارچ کو کراچی کے ضلع کیماڑی میں محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 2 دہشتگردوں کو گرفتار کیا تھا۔
علاوہ ازیں 20 جنوری کو سندھ رینجرز نے کراچی کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا تھا۔

متعلقہ خبریں