سندھ کے تمام محکموں میں بھرتیوں پر عائد پابندی ختم کرنے کی منظوری


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سندھ حکومت نے صوبے کے تمام محکموں میں بھرتیوں پر عائد پابندی ختم کرنے کی منظوری دے دی، وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دی ہے کہ عدالتوں کی جانب سے بھرتیوں پر عائد پابندی بھی ختم کرائی جائے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ اجلاس منعقد ہوا۔ صوبائی وزراء، مشیران ، چیف سیکریٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ اور متعلقہ سیکریٹریز شریک ہوئے۔ اجلاس میں سندھ کابینہ نے تمام محکموں میں بھرتیوں پر عائد پابندی ختم کرنے کی منظور دے دی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر قانون اور ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت کی کہ وہ عدالتوں سے بھرتیوں پر پابندی کو ختم کروائیں۔
دوران اجلاس وزیراعلیٰ نے بتایا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج امپرومنٹ پراجیکٹ ( کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی) ڈونر ایجنسیز کے تعاون سے 100 ملین ڈالر کے پراجیکٹس شروع کیے ہیں؛ کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی پراجیکٹ صاف پانی کی فراہمی ، واٹر بورڈ کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانےکے لیے ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی کی مجموعی لاگت کا 40 فیصد ورلڈ بینک ، 40 فیصد اے آئی آئی بی اور 20 فیصد سندھ حکومت ادا کرے گی۔
اجلاس میں سندھ حکومت نے اپنے حصے کے 646.756 ملین روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ سندھ کابینہ نے لاڑکانہ یونیورسٹی کے لیے 400 ملین روپے کی بھی منظوری دی۔