سندھ

کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا جن قابو سے باہر، چند گھنٹوں میں 2 شہری قتل، 3 زخمی


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا جن قابو سے باہر ہوگیا، چند گھنٹوں میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو شہری قتل اور تین زخمی ہوگئے۔رواں سال کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہریوں کی مجموعی تعداد 52 ہوگئی، صرف رمضان المبارک کے دوران 13 افراد ڈاکووں کے ہاتھوں قتل جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔
نیو کراچی کے علاقے فائیو ای خدیجۃ الکبریٰ مسجد کے قریب گھر کے باہر بیٹھے ہوئے 22 سلہ یاسین کو موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جسے ایک گولی کاندھے اور دوسری ٹانگ پر لگی۔ ڈاکو واردات کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ لوگوں نے ان کا تعاقب کیا اس دوران کچھ فاصلے پر پاور ہاؤس عالم پرائیڈ کے قریب ڈاکوؤں نے تعاقب کرنے والوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 32 سالہ عامر سینے پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا
زخمی کو تشویشناک حالت میں اسپتال لیجایا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ اسی دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے راہگیر 22 سالہ شاہد نامی شخص بھی کمر پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ شادمان ٹاؤن انڈہ موڑ کے قریب ڈاکوؤں نے مزاحمت پر 70 سالہ حامد علی کو پیٹ پر گولی مار کر شدید زخمی کر دیا جنھیں تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال لیجایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی شارع نور جہاں پولیس سمیت پولیس کے بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ پر کرائم سین یونٹ کو طلب کرکے شواہد جمع کیے۔ مقتول کے ہمراہ موجود شخص نے بتایا کہ انڈہ موڑ پر تربوز فروخت کرنے والے سے ڈاکو لوٹ مار کر رہے تھے کہ حامد علی نے ان سے مزاحمت کی تو انہوں نے فائرنگ کر کے انھیں قتل کر دیا۔
مقتول حامد علی نارتھ کراچی سیکٹر سیون ڈی فور نازش اپارٹمنٹ کے رہائشی اور 3 بچوں کے باپ تھے اور لوگوں کی مدد کرنے میں سب سے آگے ہوتے تھے۔ اس واقعہ سے قبل شارع نور جہاں کے علاقے سخی حسن قبرستان کے قریب بھی ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 21 سالہ عبدالرحمٰن کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جسے گردن پر گولی لگی تھی۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل میں پے در پے اسٹریٹ کرائمز کے واقعات پر ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان بلوچ نے بتایا کہ دونوں واقعات کے حوالے سے پولیس کی ٹیمیں کام کر رہی ہے ہیں اور ڈاکوؤں کے فرار ہونے والے راستوں پر نصب کلوز سرکٹ کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ ان کی شناخت میں مدد مل سکے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف پولیس نے ایک ہفتے کے دوران ڈاکوؤں کے 25 گینگ برسٹ کیے ہیں جبکہ 2 ڈاکو ہلاک اور 31 کو زخمی حالت میں گرفتار کیا ہے، انہوں ںے بتایا کہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے واردات میں ملوث قاتلوں کا جلد سراغ لگا لیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں