آن لائن جنسی ہراسگی میں ملوث 3 ملزمان گرفتار


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے آن لائن جنسی ہراسگی میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں سعود احمد، عبدالباسط اور محمد رمضان شامل ہیں۔ ملزمان نے خواتین کی قابل اعتراض تصاویر سوشل میڈیا پر شئیر کیں۔ ملزمان کو اسلام آباد کے علاقے فیض آباد، کھنہ پل اور ایف ایٹ سے گرفتار کیا گیا۔
ملزم سعود احمد نے شکایت کنندہ کی قابل اعتراض تصاویر ٹوئٹر پرشیئر کیں جبکہ ملزم عبدالباسط نے انسٹا گرام پر وائرل کیں۔ ملزم محمد رمضان نے قابل اعتراض تصاویر واٹس ایپ پر شئیر کیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنا رکھے تھے۔ گرفتار ملزمان گزشتہ کئی ماہ سے شکایت کنندگان کو بلیک میل کررہے تھے۔ ملزمان کے زیراستعمال موبائل فون سے قابل اعتراض مواد برآمد کرلیا گیا۔ ملزمان کے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔