پاکستان کیساتھ ’سیکیورٹی پارٹنرشپ‘ ترجیح تھی اور آئندہ بھی رہے گی، امریکا


واشنگٹن(قدرت روزنامہ)امریکا نے کالعدم تحریک پاکستان سمیت دیگر سیکیورٹی خطرات پر پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی پارٹنرشپ میں وسعت اور استحکام کے عزم کے اعادہ کیا ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان کی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا وزیراعظم شہباز شریف کے امریکی صدر جوبائیڈن کو لکھے گئے خط کا جواب دیا گیا ہے اور امریکا ٹی ٹی پی کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کی کیا مدد کرسکتا ہے؟
جس پر ترجمان امریکی وزارت خارجہ میتھیو ملر نے جواب دیا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان سیکورٹی پارٹنرشپ ہمیشہ سے ہماری ترجیح تھی اور آئندہ بھی رہے گی۔
میتھیو ملر نے مزید کہا کہ اس پارٹنرشپ میں مزید وسعت اور استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور اس بات کا اعادہ ہم بارہا اس پلیٹ فارم سے کرتے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی صدر جوبائیڈن کو اپنے خط میں عالمی امن اور علاقائی خوشحالی کے لیے امریکا کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔