غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، کے الیکٹرک سمیت پانچ کمپنیوں پر جرمانہ عائد


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)موسم گرما میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے معاملے میں نیپرا نے کے الیکٹرک سمیت بجلی کی تقسیم کار پانچ کمپنیوں پر 25 کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بجلی کی تقسیم کار پانچ کمپنیوں پر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کرنے کا الزام ثابت ہوگیا، کے الیکٹرک سمیت بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں صارفین کو بجلی فراہم کرنے میں ناکام رہیں، نیپرا نے کے الیکٹرک، سیپکو،کیسکو، پیسکو اور حیسکو پر جرمانے عائد کردیے جس میں ہر کمپنی پر پانچ پانچ کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
نیپرا کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں گزشتہ سال ستمبر میں شوکاز نوٹس بھیجے تھے، نیپرا کو گزشہ سال شہریوں کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی شکایت ملی تھی، نیپرا نے متعلقہ کمپنیوں کے سسٹم کو چیک کیا تو تحقیقات میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کا سسٹم ناقص نکلا۔
بجلی کمپنیوں کو دفاع کا پورا موقع دیا گیا تاہم وہ الزام کے دفاع میں ناکام رہیں اور الزام درست ثابت ہونے پر ان پر یہ جرمانہ عائد کیا گیا۔