بشریٰ بی بی کو کھانے میں زہر دینے کے کوئی اثرات نہیں، ڈاکٹر عاصم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے معالج ڈاکٹر عاصم نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کو کھانے میں زہر دینے کے کوئی اثرات نہیں ملے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کے معدے میں ابھی بھی جلن ہے لیکن ابھی ان کی طبیعت بہتر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ابھی بشری بی بی میں فوڈ پوائزنگ کے کوئی اثرات نہیں ملے ہیں، دو ماہ پہلے اگر کچھ تھا تو میں نے نہیں دیکھا اس لیے میں کہہ نہیں سکتا۔
ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ ابھی بھی عمران خان کی اہلیہ کی طبعیت سو فیصد ٹھیک نہیں ہے اس لیے ان کے تفصیلی ٹیسٹ ہونے چاہیے، امید ہے جلد ٹیسٹ کی اجازت مل جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کے بعد فائنل ہو گا کہ ان کی طبیعت خرابی کی آخر کیا وجہ بنی۔
بشریٰ بی بی کو جھوٹ بولتے تھوڑا احساس کرنا چاہیے، عظمٰی بخاری
بعد ازاں وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ سابق خاتون اول بشری بی بی کو زہر دینے یا ٹوائیلٹ کلینرکے قطرے کھانے میں ملانے کے شواہد نہیں ملے، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا جھوٹ 24 گھنٹوں میں ہی بے نقاب ہوگیا۔
اپنے بیان میں وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا پمزکے 4 سینئر ڈاکٹرز نے آج بشریٰ بی بی کا تفصیلی طبی معائنہ کیا، بشری بی بی کو شکایت تھی کہ کھانے میں مرچیں زیادہ تھیں۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ میڈیکل ٹیم کےچیک اپ کے بعد واضح ہوگیا دونوں میاں بیوی عادتا جھوٹے ہیں، بشری بی بی اور بانی پی ٹی آئی نےالگ الگ بیانات دےکر بھی خود کوجھوٹا ثابت کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان تو زمان پارک میں رہتے ہوئے بھی زہرکی باتیں کرتے تھے لیکن بشریٰ بی بی کو جھوٹ بولتے تھوڑا سا احساس کرنا چاہیے، دونوں میاں بیوی شاہانہ انداز میں شاہی جیل کاٹ رہے ہیں۔