کراچی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے مزید 2 شہری قتل، ایک زخمی


کراچی(قدرت روزنامہ)شہر قائد میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے مزید 2 افراد جاں بحق اور ایک شہری زخمی ہوگیا . رمضان المبارک میں جاری ڈاکو راج کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 15 جبکہ رواں سال کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 53 ہوگئی .

گزشتہ روز بھی ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے 2 شہری جاں بحق اور تین زخمی ہوئے تھے .
منگھوپیر کے علاقے نیا ناظم آباد گیٹ نمبر ایک کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا، مقتولین کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا جہاں ان کی شناخت 40 سالہ سائیں داد اور 38 سالہ شبیر کے نام سے کی گئی جبکہ 45 سالہ غلام مصطفیٰ شدید زخمی ہوگیا جسے عباسی سے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا .
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ویسٹ حفیظ الرحمٰن بگٹی نے بتایا کہ منگھوپیر نیا ناظم آباد لال گیٹ کے قریب شاہین فورس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں پولیس نے ایک ڈاکو شاہد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جس کی ٹانگ پر گولی لگی تھی جبکہ مقابلے کے دوران ڈاکوؤں کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کی زد میں آکر 2 شہری جاں بحق ہوگئے .
گرفتار ڈکیت کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں، چلیدہ خول، چھینے ہوئے 2 موبائل فونز اور نقدی برآمد ہوئی ہے جبکہ اس کے دیگر 2 ساتھی موقع سے فرار ہوگئے، انہوں نے بتایا کہ فرار ہونے والے ڈاکوؤں کا سراغ لگالیا گیا ہے اور انہیں جلد گرفتار کرلیا جائیگا .
مقتولین کے ہمراہ محمد حسین نامی شخص نے عباسی شہید اسپتال میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول سائیں داد کا آبائی تعلق عمر کوٹ سے تھا اور میں وہاں پر اس کا پڑوسی بھی ہوں، ہم لوگ نیا ناظم آباد میں رہتے ہیں اور شیٹرنگ کا کام کرتے ہیں، رات کو کھانا کھانے کے لیے گیٹ سے باہر نکل رہے تھے کہ فائرنگ شروع ہوگئی جس میں میرے ساتھ لوگوں کو گولیاں لگ گئیں .
محمد حسین نے بتایا کہ مقتول سائیں داد کی میت تدفین کے لیے اس کے آبائی گاؤں عمر کوٹ لیجائی جائیگی ، منگھوپیر پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور اس حوالے سے فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی تلاش میں چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں