صحافی سمیع ابراہیم کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے پرسیکریٹری داخلہ کے وارنٹ گرفتاری جاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سینئر صحافی سمیع ابراہیم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے عدالتی احکامات کے باوجود سمیع ابراہیم کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے ایک گھنٹے میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی سیکرٹری داخلہ وجوہات بتائیں کہ صحافی سمیع ابراہیم کا نام ای سی ایل سے کیوں نہیں نکالا، ‏اگر تسلی بخش جواب نہیں دیا گیا تو ایس ایچ او کو گرفتاری کا حکم دیں گے۔
‏بعد ازاں وزارت داخلہ کی جانب سے سیکریٹری داخلہ سمیت کسی بھی نمائندے کی عدم پیشی پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے سمیع ابراہیم کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے پرسیکریٹری داخلہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکریٹری داخلہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ او کو 2:30 بجے تک سیکریٹری داخلہ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔