عمران خان کے نئے فوکل پرسنز کون ہیں؟ نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)‏پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کے فوکل پرسنز کی فہرست کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق عمران خان کی منظوری کے ساتھ سابقہ فہرست منسوخ کرتے ہوئے، نئے فوکل پرسنز میں بیرسٹر گوہر، عمر ایوب خان، شبلی فراز، انتظار پنجوتھہ اور علی ظفر شامل ہیں۔

گزشتہ روز سابق وزیر اعظم عمران خان نے اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں کے لیے فوکل پرسنز نامزد کیے اور آج باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا۔ وی نیوز نے گزشتہ روز خبر دی تھی کہ عمران خان کے فوکل پرسنز میں بیرسٹر گوہر، عمر ایوب، شبلی فراز علی ظفر اور انتظار پنجوتھہ ہوں گے جو درست ثابت ہوئی۔
بانی چیئرمین عمران خان نے 2 روز قبل اپنے فوکل پرسنز کی لسٹ میں تبدیلیاں کرتے ہوئے شیر افضل مروت کو فوکل پرسن کی ذمہ داریوں سے ہٹاتے ہوئے اپنی سوشل میڈیا ٹیم بھی ختم کرنے کی ہدایت کی تھی۔
عمران خان نے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت اور عمیر نیازی کو اڈیالہ جیل میں ملاقاتیوں کے لیے نام دینے کی فہرست سے نکال دیا تھا۔
خیال رہے عمران خان نے کور کمیٹی کی سفارشات کو منظور کرتے ہوئے ملاقاتیوں کے لیے نام دینے کی نئی فہرست دی تھی جس میں عمر ایوب، سینیٹر شبلی فراز، علی ظفر اور بیرسٹر گوہر کو شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے عمران خان نے کور کمیٹی کی سفارشات کو منظور کرتے ہوئے ملاقاتیوں کے لیے نام دینے کی نئی فہرست دی، کور کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں شیر افضل مروت اور عمیر نیازی پر شدید تنقید کی گئی تھی۔
پارٹی رہنماؤں کا مؤقف تھا کہ مذکورہ دونوں رہنما عمران خان سے سب سے زیادہ ملاقاتیں کرتے ہیں تاہم عمران خان کا پیغام واضح انداز میں پارٹی تک نہیں پہنچتا۔