شاہد آفریدی کی عمرے کے موقعے پر بیٹی والوں کے لیے خاص دعائیں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق قومی کرکٹر شاہد آفریدی اپنی شاندار بیٹنگ اور رائٹ آرم لیگ اسپن بولنگ کے لیے مشہور ہیں۔
علاوہ ازیں شاہد آفریدی اپنی ہارڈ ہٹنگ کے ذریعے کئی اہم میچوں میں پانسا پاکستان کے حق میں پلٹنے کے حوالے سے بھی خاصی شہرت رکھتے ہیں۔

انہوں نے مختلف بین الاقوامی لیگز میں بھی حصہ لیا تھا اور کئی سال تک پی ایس ایل بھی کھیلا۔
آج کل وہ سماء ٹی وی کے ایک شو میں بطور تجزیہ کار حصہ لے رہے ہیں۔

حال ہی میں شاہد آفریدی نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ عمرے کی سعادت بھی حاصل کی۔
انہوں نے مدینہ منورہ سے اپنی بیٹی کے ساتھ ایک ویڈیو اور چند تصاویر شیئر کیں۔
شاہد آفریدی نے مداحوں کو آگاہ کیا کہ وہ اپنی پیاری سی بیٹی کے ساتھ عمرہ ادا کرنے جارہے ہیں۔
انہوں نے دل گرما دینے والی تصاویر بھی شیئر کیں۔

تصاویر شیئر کرتے وقت شاہد آفریدی نے لکھا کہ وہ اپنی زندگی کی روشنی (چھوٹی بیٹی) کے ساتھ عمرہ ادا کرنے جا رہے ہیں۔
شاہد آفریدی کو اللہ تبارک تعالیٰ نے 5 سمجھدار اور سعادت مند بچیوں سے نوازا ہے۔

انہوں نے اس مبارک موقعے پر ان بیٹیوں کے والدین کو بھی اپنی دعاؤں میں شامل کیا۔

شاہد آفریدی نے لکھا کہ ’جیسا کہ وہ (بیٹیاں) اللہ کی رحمتیں ہیں، ان کی تمام خواہشات کو پورا کرنا اور ان کی اچھی پرورش کرنا ہمارا مقدس ترین دینی فریضہ ہے۔ اللہ ہم سب کی خواتین کو ہمیشہ اپنی خاص حفاظت میں رکھے، آمین‘۔
انہوں نے مسجد نبوی سے اپنی پیاری سی بیٹی کے ساتھ ایک خوبصورت ویڈیو بھی شیئر کی جس میں وہ ننھی پری کے ہمراہ چہل قدمی کرتے دکھائی دیے۔