کراچی، بسمہ معروف اور غلام فاطمہ کار حادثے میں زخمی
کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں جاری قومی ویمن کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ میں شریک دو کھلاڑی بسمہ معروف اور غلام فاطمہ کار حادثے میں معمولی زخمی ہوئی ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق دونوں کھلاڑی کراچی میں جاری کیمپ کا حصہ ہیں اور جمعہ کی شب کار حادثے میں انہیں معمولی چوٹیں آئیں جس کے بعد انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ دونوں پلیئرز کے مقامی اسپتال میں احتیاطی ٹیسٹ بھی ہوئے ہیں اور پی سی بی کا میڈیکل پینل ان کی دیکھ بھال کررہا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑی جمعہ کی شب کراچی میں مقیم ایک ساتھی کرکٹرز کے ساتھ چائے پینے کی غرض سے ہوٹل سے نکلی تھیں کہ یوٹرن لیتے ہوئے گاڑی فٹ پاتھ سے جا ٹکرائی، حادثے میں دیگر پلیئرز محفوظ رہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بسمہ اور غلام فاطمہ کی انجری بہت معمولی نوعیت کی تھی اور خطرے کی کوئی بات نہیں ہے۔