غزہ جنگ پر امریکی خاتون اول کا مؤقف سامنے آگیا
امریکا (قدرت روزنامہ)امریکی صدر جوبائیڈن نے رواں ہفتے مسلم کمیونٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کی تھی۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس موقع پر امریکی صدر جوبائیڈن نے غزہ کے لوگوں کے خلاف اسرائیل کی جاری جارحیت کے بارے میں خاتون اول جل بائیڈن کے خیالات سے لوگوں کو آگاہ کیا۔
ملاقات میں موجود ڈاکٹر نہرین احمد نے امریکی نیوز چینل کو بتایا کہ جوبائیڈن نے اپنی اہلیہ کے الفاظ دہرائے کہ وہ کہتی ہیں کہ اسے روکنا ہے۔ اسی ملاقات میں موجود ایک اور شخص نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے پر بتایا کہ امریکی صدر نے اپنی اہلیہ کے حوالے سے کہا کہ وہ کہتی ہیں ’اسے روکو، اسے ابھی روکو۔‘
دوسری جانب ڈاکٹر نہرین احمد نے نوٹ کیا کہ خاتون اول کے حوالے سے بات غیر واضح تھی کیونکہ یہ یقینی طور پر معلوم نہیں ہے کہ خاتون اول غزہ میں مکمل طور پر جنگ کا خاتمہ چاہتی ہیں یا وہ صرف عام شہریوں کے مارے جانے میں کمی چاہتی ہیں۔
امریکی خاتون اول کی کمیونیکیشن ڈائریکٹر الزبتھ الیگزینڈر نے کہا ہے کہ جِل بائیڈن امدادی کارکنوں سمیت عام شہریوں کی ہلاکتوں پر دل شکستہ ہیں۔الزبتھ الیگزینڈر کا کہنا ہے کہ خاتون اول اپنے شوہر کے اس یقین کی حمایت کرتی ہیں کہ اسرائیل کو عام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر جوبائیڈن کی طرح خاتون اول بھی امدادی کارکنوں پر حملوں اور غزہ میں بے گناہ لوگوں کی جاری اموات پر غمزدہ ہیں۔ الزبتھ الیگزینڈر کا کہنا ہے کہ امریکی صدر اور خاتون اول دونوں چاہتے ہیں کہ اسرائیل شہریوں کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کرے۔