جنید خان اور آمنہ الیاس کا ٹیلی فلم کو سینما میں ریلیز کرنے پر پروڈیوسر کے خلاف کارروائی کا اعلان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مقبول اداکار جنید خان اور اداکارہ آمنہ الیاس نے اپنی ٹیلی فلم کو فیچر فلم بناکر سینماؤں میں ریلیز کرنے کے اعلان کے بعد پروڈیوسر کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کردیا۔
دونوں اداکاروں نے انسٹاگرام پوسٹس میں بتایا کہ انہوں نے چڑا چڑی نامی ٹیلی فلم میں کام کیا تھا اور ان کے ساتھ معاہدہ بھی ٹیلی فلم کا کیا گیا تھا لیکن اب انہیں معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ منصوبے کو فیچر فلم بناکر سینماؤں میں ریلیز کیے جا رہا ہے۔
دونوں نے بتایا کہ انہوں نے جس منصوبے میں کام کیا، وہ ٹیلی فلم کی طرح شوٹ کیا گیا، وہ تکنیکی، کہانی اور کرداروں کے حساب سے فیچر فلم نہیں تھی۔
دونوں کے مطابق اب مذکورہ منصوبے کا نام تبدیل کرکے ہم تم اور وہ کرکے اسے فیچر فلم کے طور پر عید الفطر کے موقع پر سینماؤں میں ریلیز کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
جنید خان اور آمنہ الیاس نے لکھا کہ انہوں نے معاہدے کی خلاف ورزی پر پروڈیوسر نعمان خان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔
ساتھ ہی دونوں نے اپنی پوسٹ میں واضح کیا کہ وہ تمام افراد اور فرمز کےخلاف بھی قانونی کارروائی کریں گے جو ٹیلی فلم کو فیچر فلم کے طور پر سینماؤں میں پیش کرنے کے منصوبے میں شراکت دار ہوں گے۔
دونوں اداکاروں کی جانب سے قانونی کارروائی کے اعلان کے بعد تاحال پروڈیوسر نے کوئی رد عمل نہیں دیا۔
آمنہ الیاس اور جنید خان کی جانب سے قانونی کارروائی کے اعلان سے قبل پروڈیوسر نعمان خان نے جیو نیوز کے پروگرام میں بتایا تھا کہ وہ اپنی رومانوی کامیڈی فلم کو عید الفطر کے موقع پر ریلیز کریں گے۔
فلم کے جاری کیے گئے ٹریلر سے بھی عندیہ ملتا ہے کہ فلم تکنیکی اعتبار سے فیچر فلم کے طور پر شوٹ نہیں کی گئی تھی اور اس کی کہانی بھی ٹیلی فلم کی طرح دکھائی دیتی ہے۔