میری بات کا غلط مطلب لیا گیا.. عورتوں کو مکھی سے تشبیہ دینے والے عدنان صدیقی نے اپنی صفائی میں کیا کہا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)”وہ بات مزاحیہ انداز میں کہی تھی. میرا مقصد کسی کی دل آزاری کرنا نہیں تھا۔ میری بات اور الفاظ کا مطلب غلط لیا گیا اور بات کی گہرائی کو نہیں سمجھا گیا. پھر بھی کسی کو تکلیف پہنچی ہو تو میں معذرت خواہ ہوں”
یہ کہنا ہے معروف اداکار عدنان صدیقی کا جنھوں نے انسٹاگرام پر اسٹوری کے زریعے اپنی حالیہ کنونٹروورسی پر عوام کی تنقید کے بعد معذرت کر لی ہے.
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اداکار عدنان صدیقی نے عورت کا موازنہ مکھی سے کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر آپ ان کے پیچھے بھاگنا چھوڑدیں تو یہ بھی مکھی کی طرح آپ کے ہاتھ پر بیٹھ جائیں گی۔
نجی ٹی وی چینل پر شو کے دوران عدنان صدیقی نے خواتین کیلئے مکھی کی مثال دی، اداکار نے اپنی بات کہنے سے قبل خواتین سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ میں جو بات کرنے جارہا ہوں اس بات کے حوالے سے تمام خواتین سے گزارش ہے کہ وہ اس بات کا برا نہ مانیں۔
عدنان صدیقی نے کہا کہ مکھی اور خواتین کی مثال ایک جیسی ہے، آپ جتنا خواتین کے پیچھے بھاگیں گے وہ آپ سے دور بھاگیں گی اور اگر آپ بیٹھ جائیں گے تو وہ مکھی کی طرح ہاتھ پر آکر بیٹھ جائیں گی۔
اداکار نے شو کے دوران اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جب میں مکھی کے پیچھے بھاگ رہا تھا تو وہ بھاگ رہی تھی اور جب میں بیٹھ گیا تو وہ میری ناک پر آکر بیٹھ گئی۔