’پارٹی میں اپنے تمام تر اختلافات ختم کرتا ہوں‘ شیر افضل مروت کا اعلان


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شیرافضل مروت نے پارٹی میں اپنے تمام تر اختلافات ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پارٹی اختلافات سے متعلق بیانات بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 2 ماہ سے میڈیا پر پی ٹی آئی میں اختلافات کا گیم چلایا جارہا ہے، اس معاملات میں مجھے اپنی بھی غفلت نظر آئی، احساس ہوا ہمیں ذمہ داری سے اپنے کردار کا تعین کرنا چاہیئے۔
پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ آج کے بعد پارٹی اختلافات پر کسی سوال کا جواب نہیں دوں گا، پارٹی میں اپنے تمام مسائل کو آج سے ختم کر رہا ہوں، پارٹی کے اندر میرے خلاف کوئی پراپیگنڈہ کرے تو جواب نہیں دیا جائے گا، پارٹی میں اپنے تمام تر اختلافات ختم کرتا ہوں۔
علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے فوکل پرسنز کو ہٹانے کی خبریں من گھڑت ہیں ،عمران خان نے کچھ لوگوں کو فوکل پرسنز کی لسٹ میں شامل کیا ہے، میرے اور عمیر نیازی کی جگہ شبلی فراز اور عمر ایوب کو جیل میٹنگز کیلئے فوکل پرسن بنائے جانے سے متعلق خبروں کے ایک حصے میں پیدا ہونے والا تاثر اذیت ناک ہے اور پارٹی کے اندر تقسیم اور گروہ بندی کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ یقیناً یہ افواہیں جھوٹی ہیں، مسٹر شبلی فراز اور عمر ایوب خان کوفوکل پرسنز کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جب کہ پہلے سے نوٹیفائیڈ فوکل پرسنز کوعمران خان کی جانب سے نہیں ہٹایا گیا، اس حوالے سے جو خبریں چل رہی ہیں وہ جھوٹی اور گمراہ کن ہیں، ہم میں سے پارٹی کے اندر سے جو لوگ یہ جھوٹی خبریں لگا رہے ہیں وہ پارٹی کو فائدہ پہنچانے کی بجائے نقصان پہنچا رہے ہیں۔
قبل ازیں یہ سامنے آئی تھی کہ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت اور دیگر پی ٹی آئی رہنماوں کے آپسی اختلافات کے بعد اب اہم پیش رفت ہوئی ہے اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کو فوکل پرسنز کی فہرست سے ہٹا دیا ہے، عمیر نیازی کا نام بھی فوکل پرسنز کی فہرست سے نکال دیا گیا۔ بتایا گیا تھا کہ سابق وزیراعظم و بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے شیر افضل مروت کو ملاقاتیوں کے لئے نام دینے کی فہرست سے بھی نکال دیا ہے، بانی چیئرمین کی جانب سے یہ فیصلہ کور کمیٹی کی سفارشات پر کیا گیا اس کے علاوہ عمران خان کی جانب سے شیر افضل مروت کو اپنی سوشل میڈیا کی ٹیم بھی ختم کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔