اسلام آباد؛ 9 مسلح ڈاکوؤں کی 2 گھروں میں ڈکیتی، 16لاکھ روپے لیکر فرار


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) تھانہ گولڑہ کے علاقے میں 9 مسلح ڈاکو دو گھروں میں گھس کر 16 لاکھ روپے، زیور اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔ اسلام آباد پولیس کے مطابق ڈاکو ایک گھر میں ڈکیتی کے بعد پڑوس والے گھر میں بھی گھسے، ڈاکوؤں کے ہاتھوں لٹنے والے افغان شہری ہیں۔
ڈاکوؤں نے اہلخانہ کو اسلحہ کی نوک پر ایک کمرے میں بند کرکے ساڑھے 13لاکھ روپے نقدی، موبائل فون اور دو موٹر سائیکلیں لوٹ لیں۔ پہلے گھر میں واردات کے بعد یہی ڈاکو اس کے پڑوس والے گھر میں گھسے اور دوسرے گھر میں بھی اہلخانہ کو اسلحہ کی نوک پر ایک کمرے میں بند کرکے لوٹ مار کی۔
دوسرے گھر سے ڈاکو ڈھائی لاکھ روپے، 3 تولے زیور اور ایک موٹر سائیکل لے گئے۔ پولیس نے متاثرین کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا۔