لاہور(قدرت روزنامہ)اہم مقامات کو نواز شریف سمیت دیگر سیاستدانوں سے منسوب کرنے کا اقدام عدالت میں چیلنج کردیا گیا .
لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں نواز شریف سمیت دیگر سیاست دانوں کے نام پر سرکاری عمارتیں، سڑکیں اور پارکوں کو منسوب کرنے کا اقدام چیلنج کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے .
درخواست مشکور حسین نے ندیم سرور ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ خواجہ آصف نے علامہ اقبال کی والدہ امام بی بی کے نام سے منسوب اسپتال کو اپنے والد کے نام سے تبدیل کیا . پاکستان کے سیاست دانوں نواز شریف ،حمزہ شہباز ،شہباز شریف اور غلام دستگیر وغیرہ کے نام پر بھی متعدد سرکاری عمارتیں اور سڑکیں ہیں .
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عوامی پیسے کو ذاتی تشہیر کے لیے استعمال نہیں کیا جاسکتا . سرکاری عمارتوں کے نام قومی ہیروز ،سائنس اور ادب کی دنیا میں اعلیٰ نام رکھنے والے افراد کے نام سے منسوب کیا جاسکتا ہے . تمام سرکاری عمارتوں ،پارکس اور اسپتال جو سیاست دانوں کے نام سے منسوب ہے ان کے نام غیر قانونی قرار دے کر تبدیل کیے جائیں .