کراچی؛ 2 افراد کو قتل، 1.35 کروڑ لوٹنے والے مبینہ ڈاکوؤں کی تصویر سامنے آ گئی


کراچی(قدرت روزنامہ)پولٹری فارم کے 2 ملازمین کو قتل کرکے ایک کروڑ 35 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہونے والے مبینہ ڈاکوؤں کی سی سی ٹی وی تصویر سامنے آ گئی۔
سائٹ ایریا میٹروویل بلاک 4 میں ایک کروڑ35 لاکھ روپے کی ڈکیتی کے دوران پولٹری فارم کے2 ملازموں کوقتل کرنے کی واردات میں ملوث مبینہ ملزمان کی سی سی ٹی وی تصاویرسامنے آگئیں۔
پولیس نے پولٹری کمپنی میں کام کرنے والے ریکوری آفیسر کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ 2 نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف درج کرلیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج سے حاصل کردہ تصاویرمیں دیکھا جا سکتاہے کہ واردات میں ملوث دونوں ملزمان قمیص شلوار میں ملبوس تھے۔ لوٹی گئی رقم بھی ملزمان کے پاس موجود نیلے شاپر میں دیکھی جاسکتی ہے۔ تصاویرمیں ملزمان کے چہرے بہت واضح ہیں، جنہیں بہ آسانی شناخت کیا جا سکتا ہے تاہم پولیس بڑی ڈکیتی میں ملوث ملزمان کی گرفتاری میں اب تک ناکام دکھائی دیتی ہے۔
دوسری جانب سائٹ ایریا میٹروویل میں ایک کروڑ35 لاکھ روپے کی ڈکیتی کے دوران پولٹری فارم کے 2 ملازموں کوقتل کرنے کے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر پولٹری کمپنی میں کام کرنے والے ریکوری آفیسرذیشان رشید کی مدعیت میں 2 نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا ۔ مقتول شیر عالم پولٹری کمپنی میں بحیثیت کیشیئر اور مقتول ذاکر آفس بوائے کے طور پر کام کرتا تھا ۔