وزیراعظم کا امیرِ قطر کو فون، تجارتی تعلقات کے فروغ پر بات چیت


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم نے امیر قطر کو فون کیا ہے، جس میں انہوں نے عید کی مبارک باد کے ساتھ دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات کے فروغ پر بات چیت کی ہے۔
وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں عید الفطر کی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات اور دونوں ممالک کے مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں قریبی کام کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے پاکستان اور قطر کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بھی بات چیت کی۔
دوران گفتگو امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے وزیراعظم شہباز شریف کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی اور پاکستانی قوم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کی جانب سے امیرِ قطر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی گئی، جس پر امیر قطر نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کرنے کے خواہشمند ہیں۔
ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے اور تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسیع کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ منائی گئی گئی۔