اگر فارم 45 کی حکومت بنتی تو مرکز میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بنتی، عمر ایوب


پشین (قدرت روزنامہ)پشین میں اپوزیشن کا تحریک تحفظ آئین پاکستان کے تحت پہلا جلسہ ہوا۔اس موقع پر اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ انتخابی نتائج کیخلاف6جماعتی اتحاد قائم کیا گیا ہے۔عمر ایوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت بلوچستان نے جلسہ ناکام کرنے کیلئے جگہ جگہ ناکے لگائے، کارکنوں اور پارٹی کے جھنڈوں کو نہیں چھوڑا گیا۔
انھوں نے کہا کہ اگر فارم 45 کی حکومت بنتی تو مرکز میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بنتی،ان کا کہنا تھا کہ ہمارے قائدین اور کارکنوں کو بلاجواز قید کیا گیا ہے۔ عمر ایوب نے کہا کہ بلوچستان ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا، انہوں نے کہا کہ ہم آئین اور قانون کے تحفظ کے لئے نکلے ہیں، یہ لوگ فارم 47 کی بیساکھیوں پر کھڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کا سمندرآپ کو بہا کر لے جائے گا،آپ عوام کے سامنے نہیں کھڑے ہو سکتے، راتوں رات آپ نے نتائج تبدیل کئے،اگر نتائج صحیح ہوتے تو مرکز میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوتی،ہم آئین کی پاسداری چاہتے ہیں، آئین کی پاسداری ہوگی تو ہمارے قائدین باہر ہوں گے۔جلسے سے عمر ایوب کے علاوہ محمود خان اچکزئی، اختر مینگل اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔
پشین جلسے میں اپوزیشن کی جانب سے قرار داد پیش کی گئی۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ پارلیمنٹ کو خود مختار اور اداروں کی مداخلت سے پاک کیا جائے۔ پیش کی گئی قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ ملک بھر میں فام 45 کے تحت انتخابی نتائج مرتب کرکے اعلان کیا جائے، قرار داد میں کہا گیا کہ پاکستان کے تمام ادارے اپنی اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔
اپوزیشن جلسے میں پیش کی گئی قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ ملک کے تمام ادارے عوام کے منتخب کردہ پارلیمنٹ کے تابع ہوں،پی ٹی آئی کی زیر قیادت اپوزیشن اتحاد نے حکومت کے خلاف تحریک تحفظ آئین کے تحت ہفتہ کو اپنا پہلا جلسہ بلوچستان کے شہر پشین میں منعقد کیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جلسے میں 5 سے 7 ہزار افراد نے شرکت کی،شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا کہ صوبائی انتظامیہ نے پشین آنے والے راستوں پر جگہ جگہ ناکے لگائے اور سیاسی کارکنوں کو جلسے میں شرکت سے روکا۔ خراب موسم بھی شرکاء کی تعداد میں کمی کا باعث بنا۔